شہری کی حادثاتی موت ، فریقین اور ملزمہ کے درمیان 69 لاکھ دیت میں راضی نامہ

Dec 23, 2022 | 16:23 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے اسلام آباد کے سیکٹر ڈی12 میں لڑکی کی ڈرائیونگ کے دوران 40 سالہ شخص کے جاں بحق ہونے کا فریقین کے مابین راضی نامہ ہوجانے پر ملزمہ نورعدن تیمور کی ضمانت کنفرم کردی۔

تفصیلات کے مطابق عدالت سے جاری فیصلہ میں کہا گیا کہ ملزمہ نورعدن تیمور اور مدعی مقدمہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کو بتایاگیا کہ ملزمہ نور عدن تیمور اور مرحوم سلطان سکندر کے لواحقین کے درمیان راضی نامہ ہوگیا۔ ملزمہ نورعدن تیمور نے 69لاکھ روپے مرحوم سلطان سکندر کے لواحقین کو ادا کردیے جن میں سے 9لاکھ کیش اور 60لاکھ ڈرافٹ کے ذریعے ادا کیے گئے ۔

مدعی مقدمہ لبنیٰ افتخار اور مرحوم کی بیوہ شاہدہ پروین نے عدالت کے سامنے کیس واپس لینے کا بیان دیاکہ لواحقین اور ملزمہ کے درمیان راضی نامہ ہوگیاہے۔  ملزمہ کے کیس سے خارج ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ملزمہ سے 69لاکھ روپے وصول کرکے راضی نامہ کرلیا ہے کیس مزید آگے نہیں بڑھاناچاہتی۔

مزیدخبریں