ڈی نوٹیفائی کیس: پرویز الہٰی کی درخواست پر نیا 5 رکنی لارجر بنچ تشکیل

Dec 23, 2022 | 11:36 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز:  ڈی نوٹیفائی کیس، پرویز الہی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے سماعت کیلئے نیا 5 رکنی لارجر بنچ تشکیل دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی  جانب سے تشکیل دیا گیا۔جسٹس عاصم حفیظ نئے لارجر بنچ میں شامل کئے گئے ہیں جبکہ جسٹس عابد عزیز شیخ لارجر بنچ کی سربراہی کریں گے۔ بینچ میں جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس مزمل اختر شبیر  اور جسٹس چودھری محمد اقبال بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں جسٹس فاروق حیدر کی معذرت کے بعد لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بینچ ٹوٹ گیاتھا جس کے بعد پرویز الہیٰ کی درخواست پر نئے بنچ کی تشکیل کیلئے فائل دوبارہ چیف جسٹس کو ارسال کی گئی۔

واضح رہے کہ ماضی میں جسٹس فاروق حیدر چودھری برادران کے ہر طرح کے مقدمات کی سماعت سے معذرت کر چکے ہیں۔جسٹس فاروق حیدر ماضی میں چودھری برادران کے نیب ریفرنس کیخلاف درخواست پر سماعت سے  بھی معذرت کر چکے ہیں۔جسٹس فاروق حیدر کے بھائی چودھری وقار اشرف وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی مشیر رہ چکے ہیں۔

جسٹس عابد عزیز شیخ لارجر بنچ کے سربراہ نامزد کئے گئے تھے،بنچ میں جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس مزمل اختر شبیر شامل تھے،جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس چودھری محمد اقبال شامل تھے۔

یاد رہے کہ پرویز الٰہی کی جانب سے 5 صفحات پر مشتمل درخواست میں کہا گیا تھا کہ گورنر نے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے وزیراعلیٰ کو خط لکھا ہی نہیں، خط سپیکر کو لکھا گیا وزیراعلیٰ کو نہیں، اسمبلی اجلاس سپیکر نے بلایا ہوا ہے جسے گورنر ختم نہیں کر سکتے، سپیکر ہی اجلاس ختم کر سکتے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ ایک اجلاس کے دوران گورنر دوسرا اجلاس نہیں طلب کر سکتے، وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی اسمبلی میں جمع ہے، عدم اعتماد پر پہلے کارروائی ہونی چاہیے تھی، گورنر نے آئین کو نظر انداز کر کے محض اپنے وکلاء کے مشورے پر عمل کیا۔

 وزیراعلیٰ کی جانب سے لکھی گئی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ گورنر کو اختیار نہیں کہ وہ غیر آئینی طور پر وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کر سکیں، عدالت گورنر کی جانب سے وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔

مزیدخبریں