شردھا کپور نے بالی ووڈ خانز کیساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

شردھا کپور نے بالی ووڈ خانز کیساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی
کیپشن: Shraddha Kapoor revealed the reason for not working with Bollywood Khans

 ویب ڈیسک: بالی ووڈ فلم ’’ استری 2‘‘کی ریکارڈ توڑ کامیابی کی بدولت باکس آفس پر راج کرنے والی معروف اداکارہ شردھا کپور نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے ماضی میں شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان کے ساتھ فلموں کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں چند وجوہات کی بنا پر اُن فلموں میں کام نہیں کرسکی۔

شردھا کپور نے کہا کہ کئی بار ہم اداکاروں کو ایسی فلموں کی پیشکش ہوتی ہے جن کا کردار ہمیں دلچسپ نہیں لگتا یا پھر ہم اُس کردار سے مطمئن نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے ہم فلم کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں ایسی فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں جن کی کہانی اچھی ہو، کردار اچھا ہو، میں نہ صرف اچھی فلمیں کرنا چاہتی ہوں بلکہ اچھے ہدایتکاروں کے ساتھ بھی کام کرنا چاہتی ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر مجھے مستقبل میں بڑے سٹارز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو میں فوراََ ہاں کردوں گی، مجھے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوگی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 15 اگست کو شردھا کپور اور راجکمار راؤ کی کامیڈی ہارر فلم ’’ استری 2‘‘ریلیز ہوئی تھی جس نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’’ استری 2‘‘عالمی باکس آفس پر 400 کروڑ روپے کا سنگ میل عبور کرنے والی سب سے تیز ترین بالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔