ویب ڈیسک: پی سی بی نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے بقیہ دو دنوں کیلئے تماشائیوں کا داخلہ مفت کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ ویک اینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس سے فیملیز اور طلباء کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے کرکٹ سٹارز کو سپورٹ کرنے اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیل دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔
تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخل ہونے کیلئے اپنا اصل شناختی کارڈ یا ب فارم لانا ہوگا اور وہ کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان اور جاوید میانداد) (صرف فیملیز کے لیے) اور پریمیم انکلوژرز ( میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) میں سے ایکشن کو مفت دیکھ سکیں گے۔
پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس کے لیے خریدے گئے ٹکٹوں پر مفت داخلے کی پالیسی نافذ نہیں ہوتی۔
پی سی بی کے مطابق جن شائقین نے پہلے ہی چوتھے اور پانچویں دن کے ٹکٹ خرید رکھے ہیں انہیں رقم کی واپسی مل جائے گی جبکہ آن لائن خریدے گئے ٹکٹ خود بخود خریداری کے لیے استعمال کیے گئے کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ میں واپس کر دیے جائیں گے۔
ایکسپریس سینٹرز سے خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے شائقین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ رقم کی واپسی کے لیے اپنا اصل ٹکٹ سینٹر پر لائیں۔
شائقین کی مزید سہولت کیلئے میچ کے دنوں میں دو روٹس پر مفت شٹل بس سروس چلتی رہے گی تاکہ شائقین کیلئے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم تک رسائی میں آسانی ہو۔
روٹ 1 ایوی ایشن گراؤنڈ راول روڈ اور مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک چلے گا جبکہ روٹ 2 گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج فار بوائز، سکستھ روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک جائے گا۔