رحیم یار خان: کچے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا

Aug 23, 2024 | 15:37 PM

ویب ڈیسک:رحیم یار خان میں کچے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ۔

نمازجنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل سمیت سول و عسکری حکام شریک ہوئے جبکہ شہدا کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔

شہدا کے جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ کر ایمبولینسز کے ذریعے پولیس لائنز پہنچائے گئے۔

نماز جنازہ کے بعد وزیرداخلہ محسن نقوی شہدا کے خاندانوں سے ملاقات بھی کریں گے۔

اس سے قبل آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان  پہنچے اور ڈاکوؤں کے حملہ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

 آئی جی پنجاب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے ملک و قوم کے لئے ہمیشہ عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، کچہ ایریا اور سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں، ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کے حملوں کے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، پنجاب پولیس کچہ کے ڈاکوؤں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ میں ڈاکوؤں نے پولیس کے قافلے پر بڑا حملہ کیا تھا ،اس حملے میں 12 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے، ڈاکوؤں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی داغے، حملے میں 6 اہلکار زخمی ہوئے  جبکہ 5 اہلکار لاپتہ ہوئے تھے جنہیں بعد میں ریسکیو کر لیا گیا۔  

مزیدخبریں