سانحہ کچہ ماچھکہ، پنجاب پولیس پر حملے کا مرکزی ملزم بشیر شر ہلاک،5ساتھی زخمی

Aug 23, 2024 | 13:04 PM

 ویب ڈیسک: پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے کچے کے  علاقہ ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے پولیس کی 2 گاڑیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوئے تاہم اب پنجاب پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کے مرکزی ملزم بشیر شر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا۔ پنجاب پولیس کے آپریشنز میں مزید 3ڈاکو شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رات گئے جاری پولیس آپریشن میں کچے کے علاقے کا خطرناک ڈاکو بشیر شر کیفر کردار کو پہنچا، بشیر شر گزشتہ روز پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رات سے جاری پولیس آپریشن میں ہلاک ڈاکو بشیر شر کے  زخمی ساتھیوں کی تعداد 5ہو گئی،زخمی ڈاکوؤں میں ثنا اللہ شر، گدا علی، کملو شر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں، پولیس کے جوابی آپریشن میں مزید ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، حملہ میں ملوث ڈاکوؤں کی سرکوبی کیلئے پولیس آپریشن جاری رہے گا۔

آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انورکاکہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث ڈاکوؤں کے قلع قمع کے لیے آپریشن جاری ہے، اہلکاروں پر حملے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے  شہر  ضلع رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں کم از کم 11 پولیس اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔

ڈاکوؤں نے دو پولیس موبائلوں پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد شدید فائرنگ کی۔

دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈاکوؤں کی جانب سے ان پولیس موبائلوں پر راکٹ مارنے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔

پولیس اہلکار کچے میں ڈیوٹی کے بعد واپس آرہے تھے کہ حملہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔

حملے میں شہید اہلکاروں کی لاشیں شیخ زید ہسپتال منتقل کردی گئیں اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی تھیں۔  

مزیدخبریں