ایشین گیمز سے قبل قومی ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کا فیصلہ

Aug 23, 2023 | 21:34 PM

ایک نیوز : پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن   اور پاکستان اسپورٹس بورڈ   کی باہمی مشاورت سے ایشین گیمز سے قبل قومی ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشین گیمز سے قبل نیشنل قومی ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، 30 سے 40 کھلاڑیوں کے رینڈم ڈوپ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

  پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے 19 ویں ایشین گیمز کیلئے اسکواڈز کی حتمی فہرست تیار کرلی۔
 ذرائع کا کہنا ہے کہ جن کھیلوں کا ماضی میں ڈوپنگ کا ریکارڈ رہا ہے ان پر خاص طور سے ایتھلیٹکس اور ویٹ لفٹنگ کے ساتھ کبڈی کے پلیئرز پر فوکس رہے گا۔

  پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو بھی ڈوپنگ تنازعات کا سامنا رہا ہے، حالیہ نیشنل گیمز میں ایتھلیٹکس اور ویٹ لفٹنگ پلیئرز کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کے آخر میں کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹنگ کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 19 ویں ایشین گیمز 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک چین کے شہر ہینگزو میں کھیلے جائیں گے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے رواں سال ستمبر میں چین میں ہونے والے 19 ویں ایشین گیمز کیلئے 25 مختلف کھیلوں کے اسکواڈز کی فائنل فہرست تیار کرلی ہے۔

پاکستان ان کھیلوں میں آرچری، ایتھلیٹکس، برج، بیڈمنٹن، باکسنگ، کرکٹ، کلائمبنگ، ای اسپورٹس، فینسنگ، گالف، ہاکی، کبڈی، کراٹے، روئنگ، سیلنگ، شوٹنگ، اسکواش، سوئمنگ، ٹینس، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ اور وشو کے مقابلوں میں شرکت کرے گا۔

 

مزیدخبریں