ایک نیوز: چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب چیف جسٹس صاحب نے عمران خان کے حق میں فیصلہ سنا ہی دیا ہے تو کل ہائیکورٹ کے انتظار کی بھی کیا ضرورت ہے؟
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کاٹویٹ میں کہنا تھاکہ چیف جسٹس پاکستان کا چیئرمین پی ٹی آئی کی وکالت کرنا انہیں ( عمران خان کو) اچھا نہیں بنا سکتا۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے تھے کہ توشہ خانہ کیس ٹرائل کورٹ کا حکم درست نہیں، اگر کوئی فیصلہ درست نہیں ہے تو ہم اس میں مداخلت کر سکتے ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا مزید کہنا تھا کل تک اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیتے ہیں، اس کے بعد کیس کی سماعت کریں گے۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ چیف جسٹس کا چیئرمین پی ٹی آئی کی وکالت کرنا عمران خان کو اچھا نہیں بنا سکتا۔
مریم نواز نے مزید لکھا کہ اس سے چیف جسٹس پاکستان کا امیج خراب ہو گا، بہت ہی شرمناک۔