بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ،عوام کی چیخیں نکل گئیں

بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ،عوام کی چیخیں نکل گئیں
کیپشن: بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ،عوام کی چیخیں نکل گئیں

ایک نیوز: مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو بجلی بلوں نے رولا دیا،بجلی کے بل دیکھ کر صارفین کے ہوش اُڑ گئے،بنیادی ٹیرف بڑھنے سے بجلی  بلوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اضافے پرعملدرآمد یکم جولائی سے کیا گیا،رواں بلوں میں گزشتہ ماہ کا اضافہ بھی شامل کیا گیا ہے،تمام صارفین کے بلوں میں بقایا جات کی مد میں رقم شامل کردی گئی ہے،بنیادی ٹیرف، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ،سہ ماہی ایڈجسمنٹ کے ساتھ درجنوں ٹیکسز بلوں میں شامل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے  کہ 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹ صارف کو ٹیکسز شامل کرنے کے بعد تقریباً 22 روپے فی یونٹ چارج کیا جارہا ہے،101 یونٹ سے 200 یونٹ تک استعمال پر تقریباً32 روپے فی یونٹ چارج کیا جارہا ہے،201 سے 300 یونٹس تک استعمال پر بمعہ ٹیکس تقریباً 37 روپے فی یونٹ ،301 سے 400 یونٹس تک تقریباً  43 روپے فی یونٹ اور 401 سے 500 یونٹ تک تقریباً  47 روپے فی یونٹ کے حساب سے بل آئے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 501 یونٹ سے 600 یونٹ تک 49 روپے فی یونٹ اور 601 سے 700 یونٹس تک تقریباً 52 روپے فی یونٹ جبکہ 700 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کو ٹیکسز شامل ہونے کے بعد 63 روپے سے 67 روپے فی یونٹ کے حساب سے بل آئے ہیں۔

بجلی کے بھاری بلوں سے صارفین پریشان ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی مہنگی ہونے سے صارفین کی کمر ٹوٹ گئی ہے، بچوں کو 2 وقت کی روٹی کھلائیں یا بجلی کے بل ادا کریں،آئے روز بجلی کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔