افغان باشندے کو شناختی کارڈ جاری کرنے کا معاملہ:آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب

Aug 23, 2023 | 12:04 PM

ایک نیوز: سپریم کورٹ نے افغان باشندے کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے کسی میں آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں افغان باشندے کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر احمان نے بتایا کہ درخواست گزار کہاں کا باشندہ ہے تاحال شناخت نہیں ہو سکی، افغانستان اور ڈنمارک میں بھی درخواستگزار کا ٹھکانہ نہ مل سکا۔ درخواستگزار پاکستانی نہیں افغان شہری ہے، سیکیورٹی کلیٸرنس کے بغیر اجازت نہیں دی جا سکتی۔ 

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ افغان شہری قابل احترام ہیں، بہت سے افغان شہری لاہور میں مقیم ہیں۔ سیکیورٹی معاملات بھی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، درخواست گزار کی اہلیہ پاکستانی شہری ہے۔

چیف جسٹس نے درخواستگزار حیات اللہ کو تمام معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل متعلقہ اداروں سے ریکارڈ چیک کروائیں اور آئندہ سماعت پر عدالت کو پیش رفت رپورٹ سے آگاہ کیا جائے۔ 

یاد رہے کہ افغان شہری حیات اللہ نے پاکستانی شہری سے شادی کر رکھی ہے۔ حیات اللہ نے پاکستان اوریجن کارڈ کی تجدید کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں