ایک نیوز: خیبرپختونخوا حکومت نے بٹگرام چئیر لفٹ حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ کا این او سی لازمی قراردے دیا۔ ڈپٹی کمشنرز کو چئیرلفٹس کا معائنہ کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے بٹگرام چئیر لفٹ حادثہ کے بعد صوبہ بھر کی چئیر لفٹس کے معائنہ کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیں کہ تمام کمرشل ،ڈومیسٹک اور تفریحی مقامات کی چئیر لفٹس کی فوری چیکنگ کی جائے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ،دریاؤں اور ندی نالوں کے اوپر چلنے والی سفری چئیر لفٹس کی چیکنگ کی جائے،تمام لفٹس کے ڈیزائن، گنجائش اور ان میں حفاظتی اقدامات کا بھی معائنہ کیا جائے۔
خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق چئیر لفٹس چلانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے این او سی لینا لازمی ہوگی۔صوبائی حکومت نے تمام اضلاع کے ڈی سیز کو ہدایت کی ہے کہ چئیر لفٹس کے حوالے سے رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر جمع کروادی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بٹ گرام میں آلائی جھنگڑئے پاشتو کے علاقے میں کیبلز ٹوٹنے سے پھنسنے والی چئیر لفٹ سے لوگوں کو نکالنے کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچ چکا، دریا کے اوپر بلندی پر پھنسی ہوئی چئیر لفٹ میں نویں جماعت کے 8 طلباء سوار تھے، جنہیں گھنٹوں کی مشقت کے بعد بچا لیا گیا۔