گوریلاسےبہتراب لائن گلاس،روایتی شیشےسے دس گنا زیادہ مضبوط 

Aug 23, 2023 | 03:46 AM

ایک نیوز:امریکی ماہرین نے ایک نئی قسم کا شیشہ تیار کیا ہے جو ماحول دوست ہے اور روایتی شیشے کے مقابلے میں ٹوٹ پھوٹ سے دس گنا زیادہ مضبوط اور محفوظ بھی ہے۔
پینسلوانیہ اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین نے اسے ’لائن گلاس‘ کا نام دیا ہے جس کی تیاری میں روایتی سوڈا لائم سلیکیٹ شیشے کے مقابلے میں50 فیصد کم کاربن ڈائی آکسائیڈ استعمال ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ماحول دوست شیشہ بھی ہے، دوم اس کی تیاری میں بھی کم توانائی خرچ ہوتی ہے۔ سائنسدانوں نے اس کے حقِ ملکیت (پیٹنٹ)کی درخواست دیدی ہے۔
جامعہ کے شعبہ مٹیریئل سائنس سے وابستہ جان مورو نے کہا کہ لائن گلاس ماحول دوست ہے اور اس شیشے کا نقطہ پگھلاؤ بھی کم ہے۔ اس کے مقابلے میں سوڈا لائم سلیکیٹ شیشے کو کوارٹز ریت، سوڈا ایش اور چونے کے پتھر کو پگھلا کر بنایا جاتا ہے۔ اس عمل میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی غیرمعمولی مقدار خارج ہوتی ہے جو گرین ہاؤس گیس ہے اور عالمی حدت کی وجہ بن رہی ہے۔
لائن گلاس 300 سے 400 درجے سینٹی گریڈ پر پگھل جاتا ہے اور یوں اسے بنانے کی توانائی میں بھی 30 فیصد کمی واقع ہوتی ہے۔ یہ شیشہ رگڑنے اور چٹخنے سے محفوظ ہے جس کی استعداد روایتی شیشوں سے دس گنا زائد ہے۔ اسی لیے یہ اسمارٹ فون اور دیگر حساس ٹیکنالوجی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اسے طبی ٹیکنالوجی، فائبرآپٹکس، ویکسین اور ادویاتی شیشیوں سمیت کئی کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں