ایک نیوز نیوز: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ پی اے سی نے وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ اعظم خان کو کسی بھی ائیرپورٹ سے بیرون ملک نہ جانے دیا جائے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو مالم جبہ کیس اور بلین ٹری سونامی کے معاملہ پر طلب کررکھا تھا۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نورعالم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب نے مالم جبہ کیس کو کیوں بند کیا؟ کس چئیرمین نے کیا؟
پی اے سی میں پیش ہونے والے چیئرمیں نیب آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ سابق چئیرمین جاوید اقبال کے دور میں مالم جبہ کیس بند ہوا۔
جس پر نورعالم خان نے کہا کہ چئیرمین نے مالم جبہ کیس غلط بند کیا، وہ بلیک میل ہوتا تھا۔
اس کے جواب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ مالم جبہ کیس صوبائی نیب کی سفارش پر بند کیا گیا تھا۔ مالم جبہ کیس کو احتساب عدالت نے بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ سابق چئیرمین جاوید اقبال کے دور میں جتنے کیسز بند ہوئے، ان کو دوبارہ دیکھ لیں۔