ایک نیوز نیوز: لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا مہم کی انکوائری رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور ان کے سرغنہ کا سراغ لگا لیا گیا اور 178 اکاؤنٹس کا تعلق پی ٹی آئی سے نکلا ہے، سب سے زیادہ مہم ان اکاؤنٹس کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کُل 580 اکاؤنٹس کے ذریعے 2 ہزار 350 پوسٹس کی گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا مہم میں 18 بھارتی اکاؤنٹس بھی شامل ہوگئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہدا اور پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والوں پر پیکا اور تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمے درج کیے جائیں۔
رپورٹ کے مطابق ملوث افراد سے تفتیش کے بعد ان کے ہینڈلرز اور ماسٹر مائنڈز تک پہنچا جائے۔
یاد رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی تھی جبکہ حکومت نے منفی سوشل میڈیا مہم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا اور ایف آئی اے اور آئی ایس آئی کے افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی جس نے واقعے کی تحقیقات کیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے اپنے عمل پر معافی مانگی ہے۔