ایک نیوز:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کاکہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ایران کے صدر محترم ابراہیم رئیسی کی شان میں وزیراعلیٰ ہاؤس کی لان میں تقریب کا اہتمام کیاگیا۔
سید مرادعلی شاہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ میرے لئے باعثِ فخر و افتخار ہے کہ آج میں بردار ملک کے صدر، پاکستان کے ایک دیرینہ دوست، ہمدرد اور محسن کا استقبال کر رہا ہوں۔ میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو سندھ کی عوام جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں ۔
’’از ملاقات شما خوش بختم‘‘، وزیراعلیٰ سندھ کی فارسی میں الفاظ کی ادائیگی ،وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔ہمارے مابین مذہبی، علمی، تہذیبی اور اقتصادی روابط استوار ہیں اور وقت کے ساتھ گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ پاکستان اور ایران نے ایک دوسرے کا صدقِ دل و جاں سے ساتھ دیا ہے ۔شہید ذولفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایران کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی۔صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایران کو ہمیشہ ایک قابلِ بھروسہ اور ندیم دوست تصور کیا ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاک ایران دوستی کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔