ملتان، ناکہ توڑنےپر پولیس کی فائرنگ، 2موٹر سائیکل سوار نوجوان ہلاک

Apr 23, 2023 | 12:04 PM


ایک نیوز : ملتان میں ناکے پر نہ رکنے والے  موٹر سائیکل سواروں پر  شاہ رکن عالم پولیس نے  اندھا دھند فائر کھول دیا ۔ 2 نوجوان دم توڑ گئے،  عید پر جوان لاشیں گھر پر پہنچیں تو کہرام مچ گیا ۔ورثاء نے احتجاج شروع کر دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے نوٹس لے لیا

 رپورٹ کے مطابق گذشتہ شب ملتان کے بی سی چوک میں پولیس نے موٹر سائیکل سوار دو افراد سمیع اللہ اور عثمان کو روکنے کا اشارہ کیا نہ رکنے پر پولیس نے فائرنگ کردی ۔ 

پولیس ذرائع ملتان  کے مطابق تھانہ شاہ رکن عالم کے اے ایس آئی یاسر اور کانسٹیبل بلال نے فائرنگ کرکے دونوں نوجوانوں کو قتل کردیا  جبکہ  قتل ہونے والوں کی شناخت سمیع اللہ اور عثمان کے نام سے ہوئی جاں بحق موٹر سائیکل سواروں سے کوئی اسلحہ وغیرہ نہ ملا  نہ ہی ان کا کوئی کریمنل ریکارڈ سامنے ایا ہے ۔ 

پولیس ملازمین بلال اور یاسر فائرنگ کرکے ڈرائیور سمیت فرار ہوگئے ۔  ایس پی انوسٹی گیشن کے مطابق  ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ 

عید پر 2 جوان لاشیں گھر پہنچیں تو علاقے بھر میں کہرام مچ گیا، لواحقین نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے  انصاف ملنے تک تدفین سے انکار کر دیا۔

 دوسری طرف  تھانہ شاہ رکن عالم میں جاں بحق سمیع اللّٰہ کے والد سعد اللّٰہ کی مدعیت میں مقدمہ درج  کرلیا گیا۔  ایف آئی ار میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کر لی گئیں ۔ ایف آئی آر کے مطابق  عرفان اور عثمان ،سمیع اللہ کو گھر چھوڑنے ارہے تھے۔ پولیس موبائل نے ناکے پر موٹر سائیکل سواروں کو روکا تو نوجوان نہ رکے۔  جس پر پولیس نے موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا عثمان اور عرفان کو کمر اور پیٹ پر گولیاں ماری گئی  اور پولیس ملازمین فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔مفرور ہ پولیس اہلکاروں کی شناخت یاسر اے ایس آئی ، کانسٹیبل بلال،شبیر اور ڈرائیور جاوید کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سی پی او ملتان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ملتان ک میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس  لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے انہوں نے ہدایت کی ہے کہ  افسوسناک واقعہ کی جامع انوسٹی گیشن کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے اور جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے نوجوانوں پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے  نوجوانوں کے لواحقین کو یقین دلا یا کہ  ہر قیمت پر انصاف ہو گا۔ انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے تعزیت  کی ۔

مزیدخبریں