ایک نیوز: وزیر اعظم محمد شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر 2024 کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کی 79ویں جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی سیشن میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم 27 ستمبر 2024 کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی کثیر الجہتی حمایت کا اعادہ کریں گے ،وزیراعظم عالمی امن، سلامتی اور فلاح و بہبود میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کریں گے،وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ مسائل، بشمول فلسطین کا مسئلہ اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کی اہمیت پر زور دیں گے۔
وزیر اعظم بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں نا انصافیوں کو دور کرنے اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیں گے، وہ عالمی برادری سے آب و ہوا کی تبدیلی کے مسائل اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف فوری اقدامات کرنے کی اپیل کریں گے، وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیشن کے ضمن میں کئی اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے، ان میں "سمندر کی سطح میں اضافے کے خطرے پر اعلیٰ سطحی اجلاس شامل ہیں۔
وزیر اعظم چند عالمی رہنماؤں کے ساتھ پائیدار ترقی کے ایجنڈے کی معاونت کے اقدامات پر بات چیت کریں گے، ان کا پروگرام اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں پر مشتمل ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس پاکستان کو علاقائی اور بین الاقوامی
اہمیت کے مسائل پر اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، وزیر اعظم لوگوں کو ترقی کے ایجنڈے میں مرکزی حیثیت دینے پر زور دیں گے۔
وزیر اعظم اقوام متحدہ کی 79ویں جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی سیشن میں شرکت کرینگے
Sep 22, 2024 | 16:30 PM