ایک نیوز :پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سے بادل برسیں گے ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ کردیا۔
تفصیلات کےمطابق لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے امکانات ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ کر دیا گیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، ساہیوال، اور ڈی جی خان میں تیز بارش اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے الرٹ میں کہا کہ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔ بارش سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ سیاح اور مسافر پیشگوئی کی مدت کے دوران انتہائی محتاط رہیں۔ تیز بارش پھلوں کے باغات اور سبزیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کی متعلقہ اضلاع کو عملہ اور مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت ،واسا ، میونسپل ادارے نشیبی علاقوں میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں۔ پی ڈی ایم نے الرٹ جاری کیا ہے کہ بارش کے دوران متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔ شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔