ایک نیوز :سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کاکہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کاکہنا ہے کہ نوازشریف21 اکتوبر کو ہی پاکستان آئیں گے، نوازشریف مینار پاکستان پر اپنا آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، ترقی کا سفر وہیں سےشروع ہوگا جہاں نوازشریف کے دور میں ختم ہوا تھا۔
لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف، مریم نواز، اسحاق ڈار اور دیگرہنما شریک ہوئے۔اجلاس میں نواز شریف کی وطن واپسی کے پروگرام اور قانونی پیچیدگیوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ 2018 میں جو کچھ ہوا، قوم کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا، 2018 میں جھرلو الیکشن ہوئے نوازشریف کا مینڈیٹ چھینا گیا، یہ نوازشریف کو اقتدار سے محروم نہیں کیا گیا بلکہ کروڑوں عوام کو خوشحالی سے محروم کیا گیا۔نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ تبدیل نہیں کی گئی، پاکستان کی ترقی کا سفر جہاں رکا ہوا ہے وہاں سے شروع کریں گے، ملک کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرانے نوازشریف پاکستان جائیں گے، نوازشریف وطن واپس آکر وطن کی ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کریں گے، 4سال جو تباہی ہوئی راتوں رات یہ تباہی ٹھیک نہیں ہوسکتی، قوی امید ہے کہ لاہور میں نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال ہوگا۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ مینارپاکستان پر جلسے میں نوازشریف آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے، 2013سے2017 تک نوازشریف کا دور دیکھ لیں، بجلی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، ان کے دور میں سی پیک میں 30ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی، نوازشریف کے دور میں منہگائی 3.5 فیصد کی کم سطح پر تھی، کاروبار اور سرمایہ کاری عروج پر تھی، 2018میں ملک کے ترقی کے سفر کو ختم کیا گیا۔
شہبازشریف کاکہنا ہے کہ آج ہماری قانونی اور انتظامی میٹنگ تھی جس کے لیے یہاں آئے ہیں، نوازشریف نے قوم سے کبھی غلط وعدے نہیں کیے، نوازشریف نے کبھی قوم سے نہ غلط بیانی کی نہ جھوٹاوعدہ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کو گالی گلوچ کے سوا کچھ نہ سکھایا، نوازشریف اس زہر کو ختم کرنے کیلئے پاکستان آرہے ہیں، نوازشریف عوام کو روزگار دلائیں گے، سرمایہ کاری لائیں گے۔