راناثناءاللہ کے بیان پر تحریک انصاف کاسخت ردعمل

Sep 22, 2023 | 15:09 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کےسابق آرمی چیف کی مدّتِ ملازمت میں توسیع اور تحریک انصاف کی منتخب حکومت کیخلاف سازش کے حوالے سے بیان پر پاکستان تحریک انصاف نےسخت ردعمل دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے رانا ثناء کے بیان کو رجیم چینج سازش کے مکروہ مقاصد اور اس میں ملوث کرداروں کے گھناؤنے پن کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کے مؤقف کی تائید و توثیق قرار دے دیا۔

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق ملک میں منتخب جمہوری حکومت کیخلاف بند کمروں میں کی گئی سازش اور اس میں ملوث کرداروں کی حقیقت ہر زاویے سے قوم کے سامنے عیاں ہوچکی ہے،جمہوریت اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈالے جانے والے ڈاکے کی پوری تفصیلات خود سازش میں ملوث کردار کھول کھول کر قوم کے سامنے رکھ رہے ہیں،پی ڈی ایم حکومت کا وزیرِدفاع برملا اعتراف کرچکا ہے کہ غیر جمہوری و غیرسیاسی عناصر ابتداء ہی سے تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف سازشوں میں مصروف تھے۔

ترجمان تحریک انصاف کا مزید کہنا ہے کہ  ”دی انٹرسیپٹ“ نے امریکہ میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے خفیہ مراسلے کا متن چھاپ کر رجیم چینج سازش میں کارفرما عوامل دنیا پر آشکار کئے،سابق وزیراعظم کے پرزور اصرار کے باوجود اس خفیہ مراسلے کی روشنی میں سازش کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات سے اجتناب کرکے سازشیوں اور سہولتکاروں کو بچانے کی کوشش کی گئی،ریاست اپنے ذمے قوم کا قرض ادا کرے اور دستور، جمہوریت، عوام کے مینڈیٹ اور معیشت و سیاست کو ذبح کرکے ملک کو بدترین بحرانوں کے سپرد کرنے والوں کے محاسبے کا اہتمام کرے۔

مزیدخبریں