ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی افسر ملوث نکلے، معلومات 5آئیز نے دیں

 ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی افسر ملوث نکلے، معلومات 5آئیز نے دیں

 ایک نیوز: کینیڈا کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی ایجنٹس کے ملوث ہونے کی نہ صرف انسانی بلکہ سگنل انٹیلی جنس بھی موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق کینیڈین حکومتی ذرائع کے مطابق کئی ماہ سے جاری تحقیقات میں شواہد جمع کیے گئے تھے۔کینیڈین میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ قتل سے متعلق جو بات چیت نوٹ کی گئی اس میں بھارتی افسربھی ملوث تھے اوران میں ایسے بھارتی سفارت کار بھی شامل تھے جو کینیڈا میں موجود تھے۔میڈیا کے مطابق یہ معلومات نہ صرف کینیڈا نے جمع کی تھی بلکہ فائیو آئیز انٹیلی جنس الائنس کے ایک رکن نے بھی فراہم کی تھیں۔

فائیو آئی کیا ہے؟

کینیڈا ایک ایسی تنظیم کا رکن بھی ہے جسے 5I(فائیو آئی)پکارا جاتا ہے۔سادہ لفظوں میں اس کا مطلب”پانچ آنکھیں“ ہے۔اس تنظیم کی بدولت امریکا ،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ،برطانیہ اور کینیڈا کی انٹیلی جنس ایجنسیاں ”دہشت گردی“ سے متعلق معلومات ایک دوسرے کے ساتھ برق رفتار بنیادوں پر شیئر کرتی ہیں۔آج سے چند سال قبل راولپنڈی سے نیوزی لینڈ کی ٹیم میچ کھیلے بغیر ”اچانک“ پاکستان سے اپنے ملک روانہ ہوگئی تھی۔اس کی وجہ بھی فائیو آئیزکی فراہم کردہ اطلاع تھی۔ 

کینیڈین میڈیا کے مطابق ان شواہد کو لے کر کینیڈین حکام کئی بار بھارت گئے اور تعاون مانگا تھا۔میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کینیڈا کے نیشنل سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایڈوائزر جوڈی تھامس اگست میں چار روز تک بھارت میں تھے اور اس کے بعد بھی 5 روز کیلئے بھارت کو دورہ کیا تھا۔