ایک نیوز: نیب کیسز بحال ہونے کے بعد اہم پیشرفت،اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آج مزید 18 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب ترمیم کالعدم کے فیصلہ پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے،نیب حکام کی جانب سے 80 ریفرنسز میں سے 44 ریفرنسز کا ریکارڈ اب تک احتساب عدالتوں میں جمع کروا جا چکا ہے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف،یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کروا دیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف کار کے رینٹل ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کروا دیا گیااور آصف زرداری کے خلاف 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کا ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کروادیا گیا جبکہ نیب حکام کی جانب سے تینوں ریفرنسز احتساب عدالت نمبر 3 میں جمع کروایا گیا ہے۔
عدالتی حکام کی جانب سے جمع کروائے گئے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے اور احتساب عدالت نمبر 1 میں آج مزید 4 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروایا گیا جبکہ احتساب عدالت نمبر 2 میں آج مزید 2 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروادیا گیا ہے اور احتساب عدالت نمبر 3 میں آج مزید 12 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروا دیا گیا۔