ایک نیوز: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 6 ستمبر کو اوستئی پوسٹ کالاش ایریا اور جنگریٹ کوہ چترال میں حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاء سے ٹیلی فون پر اظہارِ تعزیت کی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے لانس نائیک ذوالفقار علی اور سپاہی شہزادہ اورنگزیب کے ورثاء سے فون پر اظہارِ افسوس کیا،صدر مملکت نے لانس نائیک شیر نواز اور لانس نائیک شاکر اللہ کے لواحقین سے بھی رابطہ کیا اور شہداء کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے وطن کیلئے قربانی پر شہداء اور اُن کے خاندانوں کا قوم کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی ، صبر جمیل کی دعا بھی کی۔صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا ، وطن کیلئے خدمات کو سراہا۔