ایک نیوز: چودھری شجاعت سے سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پرآگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری موجودہ سیاسی حالات اور ن لیگ کے طرز عمل پر پریشان نظرآئے،مستقبل کے سیاسی سیٹ اپ کے لیے کیسے آگے بڑھیں، چوہدری شجاعت سے مشورہ مانگ لیا،آصف زرداری نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ حکومتی اتحاد کے وقت کیے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ ن لیگ نے ہم سے مستقبل کے سیٹ اپ پر بھی ساتھ چلنے کا وعدہ کیا تھا،خواجہ آصف، سعد رفیق، ایاز صادق، رانا ثنااللہ اس بات کے گواہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری کا کہنا ہے کہ اب پیپلز پارٹی کو واقعی دیوار سے لگائے جانے کا احساس ہو رہا ہے،اسی وجہ سے بلاول اور دیگر رہنما لیول پلینگ فیلڈ نہ ملنے کا شکوہ کر رہے ہیں،مقتدرہ کے بعض لوگوں نے بھی کچھ وعدے کیے تھے ان کی طرف بھی دیکھ رہے ہیں،چوہدری صاحب آپ سے سیاسی اتحاد اور ذاتی تعلق اسی طرح رہے گا،انتخابات میں بھی آپ کے ساتھ مل کر چلیں گے،سندھ میں ٹارگٹڈ کاروائیوں سے پیپلز پارٹی کی پوزیشن خراب کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری کا مزید کہنا ہے کہ سندھ میں ن لیگ کا پیپلز پارٹی مخالف سیاسی جماعتوں کی جانب رحجان ہے،مجھ پر پارٹی کی جانب سے واضح پوزیشن لینے کا دباؤ ہے،حکومتی اتحاد کے وقت کیے گئے وعدے پورے ہونے چاہیے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت نے نواز شریف سے بات کرنے کی یقین دہانی کراتےہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف پاکستان آئیں گے تو ان سے بھی ملاقات میں یہ معاملا اٹھاؤں گا،فی الحال آپ تیل اور تیل کی دھار دیکھیں۔