ایک نیوز: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایسا کوئی سسٹم شہر میں نہیں چلنے دیں گے۔ جس سے شہر کی کارکردگی متاثر ہو۔
کامران ٹیسوری گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک غلط فہمی پیدا ہوئی جس کو ختم کردیا گیا ہے۔ گراؤنڈ تیار ہوگا تو ہم ایک ساتھ افتتاح کریں گے۔ کراچی پورے ملک کی معیشت کا حب ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کے دیگر شہروں سے بھی بدتر حالت میں ہے۔ نہ اچھا تعلیمی نظام ہے نہ بہتر صحت کی سہولت ہے۔ شہر میں اب کوئی سسٹم نہیں چلنے دیں گے کچل دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں پہلے 1 کروڑ ساٹھ لاکھ آبادی دکھائی گئی، ہم نے اور حافظ صاحب نے کوشش کر کے ایک کروڑ مزید کو منوایا، میں اس بات پر بھی یقین کرتا ہوں کہ یہ آبادی بھی کم گنی گئی ہے۔
انہوں ںے اعلان کیا کہ جب تک اس منصب پر ہوں صوبے اور شہر کی بہتری کے لیے کام کرتا رہوں گا۔ چائنا اور ترکیہ سے 25 بلین سرمایہ کاری ملک میں ہوگی، جس کا 30 فیصد اس شہر میں لگے گا، ہم کسی کو بھی اس میں رکاوٹ اور شہر میں افراتفری کی اجازت نہیں دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کی میڈیا سے گفتگو:
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ میرے کہنے پر ادارہ نور حق تشریف لائے۔ جس کا مقصد یہ تھا کہ فضول باتیں کرنے سے بہتر ہے کہ ساتھ بیٹھ کر مسائل پر بات کی جائے، پارک پر ہمارا موقف ہے کہ یہ چیئرمین کے انڈر آتا ہے، گورنر سندھ اس کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹھ کر ریکارڈ چیک کیا گیا تو بات واضع ہو گئی، شہر کی بہتری کے لیے سسٹم کو اکھاڑ کر پھینکنا ہوگا، کافی محکمے ایک دوسرے کے برابر کام کر رہے ہیں لیکن کام ہو ہی نہیں رہا۔
قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی دعوت پر ادارہ نور حق پہنچے۔ حافظ نعیم الرحمان اور جماعت اسلامی کے دیگر عہدیداران نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔
کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے کردار، مسائل کے حل کے لئے مشاورت کی اہمیت و ضرورت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔