ایک نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر انضمام الحق نے قومی ٹیم میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کی واپسی کے حوالے سے گفتگو کی ۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد انضمام الحق نے میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب دیے۔ محمد عامر سے متعقل سوال پر چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا سب کو پتہ ہے کہ عامر بہت اچھا کرکٹر رہا ہے۔ اس نے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اگر وہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہے تو تمام کھلاڑیوں کے لیے پی سی بی کے دروازے کھلے ہیں، آپ فرسٹ کلاس کھیلیں اور پرفارم کریں، آپ کے بارے میں ضرور سوچا جائے گا۔
انضمام الحق کا مزید کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کبھی بھی کسی کے لیے دروازے بند نہیں کرتا، یہ ہر کھلاڑی کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے کہ اس نے پاکستان کے لیے کھیلنا ہے یا نہیں۔
ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہی ہوں گے جبکہ شاداب خان کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، شاہین آفریدی، فخر زمان، وسیم جونیئر، افتخار احمد، عبد اللہ شفیق، سلمان علی آغا، سعود شکیل، حارث رؤف اور اسامہ میر شامل ہیں۔محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان کو ورلڈکپ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔