سائبر کرائم ایکٹ کیس: صحافی خالد جمیل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Sep 22, 2023 | 12:49 PM

ایک نیوز: سائبر کرائم ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں گرفتار صحافی خالد جمیل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں صحافی خالد جمیل کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت درج مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے کیس پر سماعت کی۔ 

صحافی خالد جمیل کو اسلام آباد کچہری پیش کر دیا گیا۔ ایف آئی اے نے صحافی کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔ 

صحافی خالد جمیل کی طرف سے جہانگیر جدون اور نوید ملک عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ صحافی کے وکلاء کی جانب سے ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی گئی۔ وکیل نوید ملک نے کہا کہ پاکستان کے اندر آزادی اظہار رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے۔ بیرسٹر جہانگیر جدون نے اپنے دلائل میں کہا کہ ایف آئی اے نے اپنے ہی بنائے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔  صحافی کو گرفتار کرکے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی گئی۔ 

وکلاء نے استدعا کی کہ ریمانڈ تو بنتا ہی نہیں۔ ان کے مؤکل کو کیس سے ڈسچارج کیا جائے۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جسے بعد ازاں سناتے ہوئے صحافی خالد جمیل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔

مزیدخبریں