موجودہ حالات میں الیکشن سے پہلے سیاستدان حفاظتی ضمانت کروالیں،پرویزالہٰی

Sep 22, 2023 | 12:30 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:عدالت نے  جوڈیشل کمپلیکس تور پھوڑ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر تحریک انصاف پرویز الٰہی کی 13 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس تور پھوڑ کیس میں گرفتار پرویز الہیٰ کو جوڈیشل ریمانڈ کے مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا ۔

عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہٰی کی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں ضمانت منظور کر رکھی ہے۔پرویز الہٰی کی جانب سے فیملی سے ملاقات کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔

جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے پوچھا کہ ضمانت منظور ہو چکی ہے کیا مچلکے جمع نہیں کروائے ؟مچلکے جمع کروادیں اگر کہتے ہیں تو کیش میں کر دیتا ہوں،کیا پرویز الہٰی صاحب دوسرے کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں؟۔

وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ جی اینٹی کرپشن سے متعلق مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین  نے ریمارکس دیئے کہ ہماری طرف سے تو مچلکے جمع کروانے پر آزاد ہیں۔

پرویز الہی روسٹرم پر آگئے اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا پیٹ خراب ہے۔

جج ابو ذلحسنات ذوالقرنین  نے ریمارکس دیئے کہ اللہ خیر کرے گا۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ میرے سیل کے باہر بھی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے ،تازہ ہوا تک نہیں آتی ،میرے سیل کے باہر ایک اجنبی کو بٹھایا ہوا ہے۔

جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے استفسار  کیا کہ اجنبی کون ہے اس کا نام ہی اجنبی ہے کیا؟چلین پتہ کرتے ہیں اجنبی کون ہے،لاہور میں درج اینٹی کرپشن کیس میں پرویز الہی جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔اس میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔

وکیل سردار عبدالرازق  نے کہا کہ جی اینٹی کرپشن کیس میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کر کھی ہے،عدالت سے استدعا ہے کوئی لمبی تاریخ دے دیں۔

جج ابو الحسنات ذوالقرنین  نے ریمارکس دیئے کہ ہمارا کیا ہےہم 40 دن بعد کی تاریخ دے دیتے ہیں۔بعدا زاں عدالت نے 13 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردی۔

پرویزالہٰی کی میڈیا ٹاک

دہشتگردی عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے کے اصل ذمہ دار نواز اور شہباز شریف ہیں،آج مہنگائی سے مڈل کلاس طبقہ ختم ہو چکا ہے،جیل کا کھانا دیا جا رہا ہے جس سے طبیعت اچھی نہیں رہتی،پہلے ڈاکٹر کی سہولت تھی اب اس میں بھی مسائل ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیاالیکشن بروقت ہونے چاہیے؟

پرویز الہی  نے کہا کہ الیکشن نہ ہو نے سے نظام رکا ہوا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا لگتا ہے الیکشن سے پہلے آپ باہر آجائیں گے؟

پرویز الہی نے جواب  دیتے ہوئے کہاکہ یہ بات اللہ ہی بہتر جانتا ہے،جو حالات چل رہے ہیں تمام سیاستدانوں کو الیکشن سے قبل حفاظتی ضمانت کرا لینی چاہیے، عمران خان سے بیک ڈور مذاکرات پر کچھ نہیں کہ سکتا،چوہدری شجاعت سے دوبارہ ملاقات ہوگی۔

صحافی نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اور پرویز الہٰی اندر رہیں یا باہر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

پرویز الہی نے  کہا کہ بلاول کو اپنی سالگرہ منانے دیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ سنا ہے نواز شریف کے آنے کی تاریخ بدل رہی ہے۔

پرویز الہی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف خود بھی بدل گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ کو اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم لاہور سے لے کر روانہ ہوئی تھی، انہیں تیسری بار لاہور سے راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں