ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا ہے۔ ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور فیکلٹی کے سینئر ڈاکٹرز نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیم اور ریسرچ کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان، ننشیا حکومت کے اعلی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور میڈیکل ایجوکیشن کے نظام کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے میڈیکل یونیورسٹی میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے کا خصوصی جائزہ لیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ طب کی تعلیم کے حوالے سے جدت پسندی کی تعریف کی۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل ایجوکیشن میں جدت لانا وقت کا تقاضہ ہے۔ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل ریسرچ کے حوالے سے شاندار کام ہو رہا ہے۔ ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کا معیار بلند کریں گے۔ دورہ چین صرف وزٹ نہیں بلکہ باہمی تعاون کو تیز رفتاری سے عوام کی بہتری کیلئے ٹرانسلیٹ کریں گے۔