پاکستانی معیشت کیلئے اچھی خبر، روپے کی قدر میں اضافےسے عالمی تجارت کا فروغ

Sep 22, 2023 | 11:27 AM

ایک نیوز: پاکستان معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہوگیا۔ کرنسی کی قدر میں ستمبر کے اوائل سے ہی خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ روپے کی مضبوطی سے بین الاقوامی تجارت کو فروغ ملنے کا امکان ہے۔ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ملکی معیشت بارے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2023 میں اپنے تجارتی خسارے میں 40 فیصد اور کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے کو 85 فیصد تک کم کرنے میں نمایاں پیش رفت دیکھی گئی، جو ادائیگیوں کے بہتر توازن کو ظاہر کرتا ہے۔ 

جی ڈی پی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 27.1 فیصد اضافے کے ساتھ غیر معمولی نمو دکھائی دی جو کہ ملکی ترقی میں مثبت علامت ہے، آئی ٹی صنعت نے 1.72 بلین ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل کیا ہے جو برآمدات اور اقتصادی ترقی کو ظاہر کرتا ہے، چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 

درآمدات میں نمایاں طور پر 28.4 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جو تجارتی توازن اور زرمبادلہ کے ذخائر پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے، کوئلہ، ڈولومائٹ، بیریٹس اور دیگر جیسے اہم معدنیات کی پیداوار میں اضافہ کان کنی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتا ہے جو اقتصادی ترقی میں معاون ہے۔ 

آئی ٹی شعبے میں چین کی دلچسپی ملکی اقتصادی ڈھانچے کی مضبوطی کو نمایاں کرتی ہے، ٹیلی کام سیکٹر کی اہم شراکت داری نے ملک میں مزید ترقی کی صلاحیت کو ظاہر کرتے ہوئے قومی خزانے میں نمایاں حصہ ڈالا ہے، بینکنگ سیکٹر نے منافع میں خاطر خواہ اضافے کی اطلاع دی ہے جو مجموعی اقتصادی استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ 

پاکستان میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کا قیام اور سعودی عرب سمیت کئی غیر ملکی کان کنی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی ملکی معیشت کی مضبوطی کی جانب واضح اشارہ ہے۔ زراعت کے شعبے میں لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کے ریفارمز انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ 

پاکستان میں الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کی نجکاری میں دلچسپی ملک میں پائیدار صنعتوں اور روزگار کے مواقعوں کی نشاندہی کرتا ہے، اسلام آباد میں سی پیک بینک آف چائنا کا آغاز ملکی معاشی استحکام کی اہم نشانی ہے، ملک میں چاول کی برآمد کے بڑھتے مواقع کو معیشت کی مضبوطی میں اہم جزو قراردیا گیا ہے، پاک فوج اور حالیہ حکومت کی مشترکہ کوششیں پائیدار امن اور مضبوط پاکستان کی نوید ہیں۔

مزیدخبریں