نگران وزیرخارجہ کی امریکا، روس اور یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقاتیں

نگران وزیرخارجہ کی امریکا، روس اور یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقاتیں
کیپشن: نگران وزیرخارجہ کی امریکا، روس اور یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقاتیں

ایک نیوز: نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے امریکا، روس اور یورپی یونین کے رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتوں کے علاوہ  اہم اجلاسوں میں بھی شرکت کی ہے۔

امریکی شہر نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے موقع پر سائیڈ لائن میں نگران وزیر خارجہ نے امریکی محکمہ خارجہ کے سینیئر مشیر ڈیرک شولے اور  روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔

دونوں رہنماؤں سےملاقاتوں کے دوران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے  باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

نگران وزیرخارجہ کی یورپی یونین کےاعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیویارک میں جلیل عباس جیلانی آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن اور کانفرنس آن انٹریکشن اینڈ کانفیڈنس بلڈنگ کے وزرائے خارجہ اجلاسوں میں بھی شریک ہوئے۔