ایک نیوز نیوز: صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور روشنیوں کے شہر کراچی میں سٹریٹ کرائم میں کمی واقع نہ ہوسکی۔ کراچی جیسے بڑے شہر میں ڈاکو راج بتدریج بڑھتا جارہا ہے۔ جس کا شکار صرف عام عوام ہی نہیں بلکہ اب عوام کے رکھوالے سمجھے جانے والے اعلیٰ افسران بھی بنتے جارہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو بینک سے رقم نکلوا کر نکلنے والے ایک شخص کو اسلحے کی زور پر لوٹ لیتے ہیں۔ ذرائع نے خبر دی ہے کہ لوٹا جانے والا شخص مبینہ طور پر سندھ پولیس میں ڈی ایس پی ہے۔ جو کہ بینک سے 8 لاکھ روپے کی رقم نکلوا کر نکلا اور ڈاکوؤں نے تعاقب کرکے اس سے رقم چھین لی۔ یہ واقعہ کراچی کے علاقے ڈالمیا شانتی نگر میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
درج کردہ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ گلشن اقبال میں منی ایکسچینج سے ایک لاکھ 85 ہزار روپے وصول کیے اور پیسے لے کر میں بینک پہنچا، جہاں 85 ہزار روپے اکاؤنٹ میں جمع کرائے اور 7 لاکھ روپے نکلوائے۔
پولیس افسر نے بیان دیا کہ 8 لاکھ روپے پاس تھے جسے سفید لفافے میں رکھ لیا تھا تاہم جونہی شانتی نگر میں گھر کے قریب پہنچا تو موٹرسائیکل سوار 4 ملزمان نے روک لیا۔
مقدمہ متن کے مطابق پولیس افسر نے خوفزدہ ہو کر رقم کا لفافہ اٹھا کر ملزمان کے حوالے کر دیا اور لگتا ہے ملزمان نے بینک سے تعاقب کیا اور گھر کے قریب واردات کی۔
پولیس حکام کے مطابق ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔