ایک نیوز نیوز: بھارت میں مسلمان پھر نشانےپر ، بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے خلاف ملک بھر میں چھاپے مار کر 100 سے زیادہ افراد گرفتار کرلئے ، آر ایس ایس چیف موہن بھگوت نے تنظیم ائمہ مساجد کے سربراہ امام عمیر الیاسی سے ملاقات کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق این آئی اے نے مبینہ طور پر دہشت گردی کی مالی اعانت کرنے اور کیمپ چلانے کے معاملے میں 11 ریاستوں سے 106 افراد گرفتار کیا گیا ہے۔ پی ایف آئی کے قومی صدر او ایم اے سلام اور دہلی کے صدر پرویز احمد کو بھی گرفتار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق این آئی اے نے کیرالہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک، تمل ناڈو سمیت متعدد ریاستوں میں پی ایف آئی اور اس سے وابستہ متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان پر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے یہ اب تک کا سب سے بڑا کریک ڈاؤن ہے۔
تفتیشی ایجنسی نے کیرالہ سے سب سے زیادہ 22 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے بعد، مہاراشٹرا اور کرناٹک سے 20-20، آندھرا پردیش سے 5، آسام سے 9، دہلی اور پڈوچیری سے 3-3، مدھیہ پردیش سے 4، تمل ناڈو سے 10، یوپی سے 8 اور راجستھان سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
دہلی کے شاہین باغ اور غازی پور سے گرفتاریاں کی گئی ہیں یادرہے انتہا پسند حکومت کے خلاف دو بڑے احتجاج انہی علاقوں میں ہوئے تھے جنہیں عالمگیر شہرت ملی اور مودی حکومت کی بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔
لکھنؤ میں اندرا نگر سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آسام پولیس نے بھی ریاست سے پی ایف آئی سے وابستہ 9 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ تمل ناڈو کے مدورائی سمیت متعدد اضلاع میں بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ اندھا دھند گرفتاریوں پر بنگلورو اور منگلورو میں شہریوں نے احتجاج کیا ہے۔
دوسری طرف آر ای ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے آج کستوربا گاندھی مارگ پر واقع مسجد میں تنظیم ائمہ مساجد کے سربراہ ڈاکٹر امام عمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی۔