بلوچستان:سیلاب سے موت کا رقص جاری، مجموعی تعداد 304 ہو گئی

بلوچستان:سیلاب سے موت کا رقص جاری، مجموعی تعداد 304 ہو گئی
کیپشن: بلوچستان:سیلاب سے موت کا رقص جاری، مجموعی تعداد 304 ہو گئی

ایک نیوز نیوز: بلوچستان میں  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید تین افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کے بعد صوبے میں یکم جون سے اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 304 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مرد اور خاتون سمیت ایک بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق ضلع جعفر آباد سے ہے۔

پراونشل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں یکم جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 304 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں 138 مرد، 74 خواتین اور 92 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ 40 ہلاکتیں کوئٹہ، ژوب سے 23 اور لسبیلہ سے 21 اموات رپورٹ ہوئیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک صوبے بھر میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 184 افراد زخمی ہوئے۔

سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں 72 ہزار 235 مکانات نقصان کا شکار ہوئے جبکہ 3 لاکھ، 5 ہزار 155 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوچکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ صوبے میں سیلابی ریلوں میں 24 پل گر گئے۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان بھر میں سیلاب اور بارشوں سے 2200 کلومیٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔