پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے نیشنل ٹی 20 کپ کے لیے 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران پی سی بی واحد کرکٹ بورڈ ہے جو اپنے ملک میں بائیو سیکور ببل کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کر رہا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے اس ابتدائی ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جب کہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی۔ یہی نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔
سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25 ہزار روپےدیے جائیں گے جبکہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35 ہزار روپے ملیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو ملنے والے ماہوار وظیفے اور میچ فیس کے علاوہ ہے۔
ادھر سیزن 21-2020 کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ حاصل کرنے والا ایک کرکٹر ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں سالانہ 18 سے 32 لاکھ روپے (کٹیگری کے اعتبار سے ) کمائے گا۔