ذرائع کے مطابق سی اے اے نے ڈرونز کے حوالے سے قانونی ضابطہ بنانے کی پالیسی مرتب کر لی، پالیسی مرتب کرنے کے بعد مسودہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو فراہم کردیا گیا۔ بغیر پائلٹ طیاروں یعنی ڈرونز کا نظام ہوابازی کے نظام میں ایک اہم سنگیل میل ہے.
سینئر جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن ڈویڑن عبدالستار کھوکھر کا کہنا تھا کہ ان مینڈ ائیرکرافٹ سسٹم یعنی بغیر پائیلٹ فضاء نظام کی پالیسی ایوی ایشن ڈویڑن نے تیار کیا ہے۔ پالیسی کا مقصد مختلف قسم کے بغیر پائیلٹ طیارے جن میں ڈرونز،ماڈل ائیر کرافٹ، کوارڈکاپٹر اور ہوائی غبارے شامل ہیں کوایک نظام میں لانا ہے۔
نئی جدت درجہ بندی کرنے اور آپریٹرز کے معیار اہلیت بھی مقرر کرتا ہے، پالیسی میں وسیع پیمانے پر تفریحی ، غیر تفریحی، کھیلوں، فوٹوگرافی، میڈیا کوریج، تجارتی، زراعت اور بہت سے دوسرے حصوں میں ان مینڈ ائیر کرافٹ (یو اے ایس)کے استعمال کا احاطہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی زیر صدارت 28ستمبر کو اجلاس ہو گا، جس میں اس ڈرونز پالیسی کے حوالے سے حتمی منظوری دی جائے گی۔