اختر مینگل نے زبردستی پریس کانفرنس کروائی، زبردستی کہلوایا گیا، قاسم رونجھو 

اختر مینگل نے زبردستی پریس کانفرنس کروائی، زبردستی کہلوایا گیا، قاسم رونجھو 
کیپشن: Akhtar Mengal forcibly held a press conference, was forcibly called, Qasim Ronjhu

 ویب ڈیسک:بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینیٹر قاسم رونجھو نے اپنی پریس کانفرنس میں کی گئی باتوں کی تردید کردی۔

سینیٹ میں بی این پی مینگل کے پارلیمانی لیڈراور منحرف سینیٹر قاسم رونجھو سینٹ رکنیت سے مستعفی ہوگئے اور پارٹی کو استعفیٰ جمع کرادیا۔

اختر مینگل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موجود قاسم رونجھو نے کہا تھا زور آور لوگ تھے، میں پہلے مریض ہوں، مجھے ملیریا ہوگیا، مجھے کہا گیا کہ آپ 4 دن مہمان کے طور پر ہیں، زیادہ بولوں گا تو مزید مسئلے کھڑے ہو جائیں گے، ساڑھے تین سال عذاب کے ساتھ گزارے۔

تاہم اب سینیٹر قاسم رونجھو نے اپنی پریس کانفرنس میں کی گئی باتوں کی تردید کردی۔ اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج پارٹی کے سربراہ اختر مینگل اور دیگر افراد نے زبردستی پریس کانفرنس کروائی، مجھے جو لکھ کر دیا گیا، وہ مجھ سے زبردستی پڑھوایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ زبردستی کے الفاظ تھے جو لکھے ہوئے تھے کہ مجھے اٹھایا گیا، یہ مچھر کی باتیں یہ سب انہوں نے لکھ کر میرے آگے رکھے تھے، یہ ٹوٹل جھوٹ اور فیبریکیٹڈ ہے، میں گھر پر ہی موجود تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بی این پی کی سینیٹر نسیمہ احسان اور قاسم رونجھو نے آئینی ترمیم کے حق میں فلور کراس کیا تھا اور آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ قاسم رونجھو وہیل چیئر پر سینیٹ میں ووٹ ڈالنے آئے تھے۔

سردار اختر مینگل نے دونوں سینیٹرز سے استعفیٰ طلب کیاتھا۔