ایک نیوز: وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ٹھوکرنیاز بیگ کے قریب ایگریکلچر،فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا ہے۔ جہاں انہوں نے پوری عمارت کا 100 فیصد کام 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی مختلف فلور پر گئے اور قائم کئے جانے والے شعبوں میں فنشنگ کے کاموں کامعائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لیبز کیلئے خریدے گئے آلات دیکھے اور عمارت کے سول ورک کو اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آڈیٹوریم اور عمارت کے تمام فلور کاجائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اتھارٹی کے لئے ہیومن ریسورس اور مشینری کی خریداری کے امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی اتھارٹی کے امور کے حل کے حوالے سے فوری اقدامات کرے گی۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سول ورک کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹریز تعمیرات و مواصلات، صحت،اطلاعات،کمشنر لاہور،سی سی پی او،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔