ایک نیوز: بحیرہ عرب میں موجود ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان 'تیج' میں تبدیل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان’’ تیج‘‘ کراچی کے جنوب مغرب میں 1880 کلومیٹر کےفاصلے پر موجود ہے، پاکستان کی ساحلی پٹی کو تاحال طوفان سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان کے گرد 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہیں اور سسٹم کے گرد 25 فٹ تک لہریں بلند ہورہی ہیں، محکمہ موسمیات کے جانب سے طوفان کے حوالے سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’تیج‘‘ کراچی کے جنوب مغرب میں 1880 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
گوادر سے طوفان 1670 کلومیٹر کے فاصلے پرہے، سمندری طوفان عمان کی بندرگاہ سلالہ کے جنوب مغرب میں750 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ طوفان آئندہ چوبیس گھنٹے میں مزید شدت اختیار کر کے مزید طاقتور سمندری طوفان میں تبدیل ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کا رخ شمال مغرب سمیت عمان اور یمن کی جانب ہے، جس سےپاکستان کی ساحلی پٹی کو تاحال کوئی خطرہ نہیں ہے۔