ایک نیوز:اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری، 11 کاروائیوں میں 106 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی جبکہ خاتون سمیت 13ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 504 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ وہاڑی کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-771 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 18 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔
اے این ایف کی لاہور ڈی ایچ اے اور عسکری 10 میں 2 کاروائیاں۔ تین گاڑیوں سے مجموعی طور پر 7 کلو ہیروئن اور 940 گرام کوکین برآمد کی گئی دورانِ کارروائی لاہور اور شیخوپورہ کے رہائشی 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے،علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خیبر کے رہائشی مسافر سے 500 گرام آئس برآمد ہوئی، ملزم پرواز نمبر QR -621 کے ذریعے دوحہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ فیصل آباد ایئرپورٹ پر پرواز نمبر GF-791 کے ذریعے بحرین جانے والا مسافر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ کا رہائشی ملزم 335 گرام آئس ٹرالی بیگ میں چھپا کر اسمگل کر رہا تھا۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے بیگ سے 800 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئی۔ کراچی کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر SV-705 کے ذریعے جدہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ سٹی ریلوے اسٹیشن کراچی پر کوئٹہ اور کراچی کے رہائشی 3 مُلزمان سے 9 کلو کیٹامائن برآمد کرلی گئی، گورنمنٹ کالج پشاور کے قریب گاڑی سے 57 کلو 600 گرام چرس، 12 کلو افیون، 7 کلو ہیروئن اور 1 کلو آئس برآمد کی گئی، دورانِ کارروائی چارسدہ کی رہائشی خاتون سمت ملزم گرفتار ہوئے۔ برآمدہ منشیات گاڑی کی ڈگی میں چھپا کر پنجاب اسمگل کی جا رہی تھی۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 112 آئس بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔ خیبر کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر QR-601 کے ذریعے دوحہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ خیبر کے غیر آباد علاقے سے اسمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد کی گئی۔ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔