ایک نیوز نیوز: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں 24 سے 30 اکتوبر تک انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی، سات روزہ مہم میں 65 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور چیف سیکریٹری سندھ محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت پولیو مہم کے سلسلے میں اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کمشنر کراچی اور لاڑکانہ، ای او سی کوآرڈینیٹر سمیت یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے بھی شریک ہوئے، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد اور سکھر کے کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیر صحت نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پولیو مہم یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی، ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج سیلاب متاثرہ علاقوں میں پولیوم مہم کو یقینی بنانا ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے مائیکرو پلان کو از سر نو تشکیل دیا جائے، جن علاقوں میں پانی موجود ہے وہاں کشتیوں کا انتظام کیا جائے، سیلاب متاثرہ کیمپس میں موجود بچوں کے لیے الگ مائیکرو پلان بنایا جائے۔
اجلاس میں صوبہ بھر میں پیر 24 اکتوبر 30 اکتوبر تک انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا، اس دوران 65 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔