ویب ڈیسک:چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں 90 روز باقی رہ گئے لیکن آئی سی سی ابھی تک چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول فائنل نہ کر سکا۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) شیڈول کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رابطے میں ہے، آئی سی سی بھارتی ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے ممبر بورڈز سے مشاورت کر رہا ہے، مشاورت کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی2025 کے معاملے پر بھارت بے جا ضد اور پاکستان سخت اصولی موقف پر قائم ہے، بھارت چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ہائبرڈ ماڈل پر کرانے پر بضد ہے جبکہ پی سی بی ایونٹ کا انعقاد مکمل طور پر پاکستان میں کرانے کا خواہاں ہے۔
آئی سی سی بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پی سی بی کو ہائبرڈ ماڈل پر منانا چاہتا ہے جبکہ پاکستان ایونٹ شفٹ کرنے اور ہائبرڈ ماڈل کیلئے مکمل منع کر چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے مؤقف اختیار کر رکھا ہے کہ آئی سی سی پاکستان سمیت دیگر ممبر بورڈز کو ہائبرڈ ماڈل کیلئے راضی کرے، اس سلسلے میں آئی سی سی کے دیگر بورڈز سے رابطے جاری ہیں۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ بی سی سی آئی نے دیگر بورڈز کو بھی ہائبرڈ ماڈل کیلئے مائل کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ آئی سی سی کے پاس چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلئے ووٹنگ کا آپشن بھی موجود ہے۔