ویب ڈیسک:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 19 نومبر کو ہونے والے قومی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے تناظر میں پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور علاقے میں جاری انسداد دہشتگردی آپریشنز پر تازہ پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور فیلڈ کمانڈرز بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مادر وطن کے دفاع کیلئےشہدا اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل عزم اور فرض شناسی کا ثبوت ہیں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہر قسم کے خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کیلئےجوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔
انہوں نے دشمن نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی عناصر کو ختم کرنے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئےقوم اور سیکیورٹی فورسز کے اجتماعی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ہم آہنگی اور موثر آپریشنز کے ذریعے پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دیرپا استحکام اور سلامتی کو یقینی بنائے گی اور امن کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے جائیں گے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔