ایک نیوز: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈکیتی کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ جہاں عدالت نے زیرتربیت ڈی ایس پی کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
سٹی کورٹ نے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر میں پولیس کی ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار ڈی ایس پی عمیر طارق باجاری کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس حکام نے ڈکیتی میں ملوث زیر تربیت ڈی ایس پی عمیر طارق باجاری کو عدالت میں پیش کردیا۔ گرفتار ڈی ایس پی عمیر طارق باجاری کو جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی گئی۔ پولیس تفتیشی نے عدالت کے روبرو بتایا کہ ڈی ایس پی پر تاجر شاکر خان کے گھر میں دو کروڑ روپے کی ڈکیتی کا الزام ہے۔ ملزمان نے گھر سے 70 سے 80 تولہ سونا بھی چوری کیا۔
ڈکیتی کی واردات میں دو گن مین خرم علی اور فرحان علی بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔ مقدمہ تاجر شاکر کی مدعیت میں تھانہ پیر آباد میں درج ہے۔