عمران خان کی بہنوں علیمہ خان،عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

عمران خان کی بہنوں علیمہ خان،عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
کیپشن: عمران خان کی بہنوں علیمہ خان،عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

ایک نیوز: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کردی گئی جبکہ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہورہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں، اسدعمر اور دیگر کی ضمانتوں کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کی۔

سابق وفاقی وزیر اسدعمر اور زین قریشی عدالت میں پیش نہ ہوئے، اور حاضری معافی کی درخواست دائر کردی، عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہورہے، تفتیش بھی مکمل نہیں ہوئی مہلت دی جائے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کردی اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتار کارکنوں سے ملاقات
 لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیرِ اعظم کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں سے ملاقات کی۔ عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں سے بخشی خانے میں ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں بالکل ٹھیک ہیں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔