اہم تعیناتی سے قبل زرداری، شہباز ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی

اہم تعیناتی سے قبل زرداری، شہباز ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی
کیپشن: The inside story of Zardari, Shehbaz meeting before the important appointment came to light

ایک نیوز نیوز: آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری اور شہباز شریف میں اہم ملاقات کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور آصف علی زرداری میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت ہوئی۔ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق اب تک ہونے والی پیش رفت پر بھی وزیر اعظم نے سابق صدر کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے  آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے اب تک ہونے والی مشاورت کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ 

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام اہم فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے ہوں گے۔ جس پر آصف زرداری نے بھی وزیراعظم کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی۔ اہم ملاقات میں اتفاق ہوا ہے کہ حکومت کسی دباؤ میں آئے بغیر آزادانہ فیصلے کرے گی۔ 

ذرائع کے مطابق آئین و قانون کے مطابق آئندہ  چند روز میں نئے آرمی چیف کی تقرری کردی جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملہ پر سیاست کرنے اور اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والوں کو مایوسی ہوگی۔ 

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کا تقرر وزیر اعظم کا اختیار ہے۔ اس آئینی وقانونی ذمہ داری پر بعض جماعتوں کی سیاست افسوسناک ہے۔ پاک فوج قومی ریاستی ادارہ ہے تمام افسران بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق شہبازشریف اور آصف زرداری کی ملاقات میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ بھی زیرغور آیا۔ دونوں رہنماؤں میں اتفاق ہوا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ، اسلام آباد میں ریاست کی عملدراری اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائے گی۔ شہبازشریف نے  آصف زرداری کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔