آرمی چیف کے اہل خانہ کی ٹیکس معلومات لیک، ایف بی آر میں اہم اجلاس

آرمی چیف کے اہل خانہ کی ٹیکس معلومات لیک، ایف بی آر میں اہم اجلاس
کیپشن: Army chief's family's tax information leaked, important meeting in FBR(file photo)

ایک نیوز نیوز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے اہل خانہ کی ٹیکس معلومات لیک ہونے کی تحقیقات کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) میں اہم اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات طارق پاشا کی زیرِ صدارت اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد شریک ہوئے۔

اجلاس میں آرمی چیف کی فیملی کے ٹیکس تفصیلات لیک ہونے پر چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین پرال اور ممبر آئی ٹی کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی فیملی کی ٹیکس تفصیلات لیک ہونے کی رپورٹ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 2 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جس میں سے ایک کا تعلق لاہور اور دوسرے کا راولپنڈی سے ہے۔ ان کے حوالے سے جلد رپورٹ پیش کردی جائے گی۔

یاد رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے اہلخانہ کی ٹیکس تفصیلات لیک ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معاون خصوصی محصولات طارق پاشا سے اس متعلق 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کی تھی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ کسی کی بھی ٹیکس تفصیلات خفیہ ہوتی ہیں، ٹیکس تفصیلات عام کرنا خفیہ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔