ایک نیوز نیوز:پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چئیر مین چودھری ذوالفقار علی مانا نے مرکزی فلم سنسر بورڈ کے چئیر مین محمد طاہر حسن کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ دیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چئیر مین چوہدری ذوالفقار علی مانا کے ظہرانے میں فیصل مدنی،میاں امجد فرزند،صفدر ملک،عزیز جہانگیری،شیخ اکرم ،خالد علی،رانا نعیم اور شہزاد رفیق نے شرکت کی۔چئیر مین پی ایف پی اے ذوالفقار علی مانا نے معزز مہمان کو فلم انڈسٹری کو لاحق مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ فلم پروڈیوسرز کو اس وقت شدید مالی اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہے کیونکہ فلم سنسر کا عمل تین مختلف مقامات پر پھیلا ہوا ہے جن میں پنجاب، سندھ اور اسلام آباد شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم سنسر کے عمل کو مرکزی حیثیت دی جائے جیسا کہ ماضی میں کیا جاتا تھا ۔
چیئرمین فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن ذوالفقار علی مانا کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی فلم بورڈ میں فلم کے پروڈیوسرز ،رائیٹرز اور ڈائریکٹرز کو بھی شامل کیا جائے تا کہ ان کا نقطہ نظر میں سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں فلم جوائے لینڈ کے ساتھ ہونے والے فیصلوں کی وجہ سے پاکستان پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ہے،جس کو اس بورڈ کی مدد سے روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ اسلام آباد میں دستیاب ایک حال جس میں پروجیکٹر کی سہولت دستیاب ہےکو فلم سنسر کے لئے مختص کیا جائے تاکہ فلم پروڈیوسر سے مالی بوجھ کم کیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ محمد طاہر حسن بحثیت ڈی جی ریڈیو پاکستان بھی ہیں ان کو چاہیے کہ وہ ریڈیو پر فلم انڈسٹری کی بحالی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے زیر اہتمام زمینوں پر سینما گھر تعمیر کیے جائیں جس کی بدولت عوام کو سستی تفریح بھی میسر ہو اور فلم کو زیادہ اسکرینیں مل سکیں ۔