ایک نیوز نیوز: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے میں مفرور ملزمان پی ٹی ایم رہنما منظور پشتین اور ممبر قومی محسن داوڑ کیخلاف مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو پی ٹی ایم رہنما منظور پشتین اور ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر کا مقدمے کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے مقدمے میں مفرور ملزمان منظور پشتین اور محسن داوڑ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر وارنٹ سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا اور مقدمے کی سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کردی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر پر شاہ لطیف تھانے میں 2018 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کے خلاف بھی اشتعال انگیز تقریر کا مقدمہ کی سماعت ہوئی، بوٹ بیسن تھانے میں درج مقدمے میں تفتیشی پولیس عدالت میں حتمی چالان پیش کرنے میں ناکام رہی۔
عدالت نے چالان پیش نا کرنے پر پولیس پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے عبوری چالان کو ہی منظور کرلیا۔
عدالت نے ملزم علی وزیر اور دیگر پر مقدمے میں فرد جرم عائد کردی۔ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
عدالت نے 7 دسمبر کو استغاثہ کے گواہان کو بھی طلب کرلیا۔