عمران خان نے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کیلئے اجازت مانگ لی

Nov 22, 2022 | 14:48 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز:  تحریک انصاف  نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایک درخواست واپس لے کر دوسری دائر کر دی ہے  جس میں  عمران خان  کی جانب سے جلسے کیلئے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ میں اتارنے کی اجازت بھی مانگی  گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے  ایک درخواست واپس لیتے ہوئے آج بروز منگل 22 نومبر کو دوسری درخواست دائر کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے مارچ کے اختتام پر جلسے اور دھرنے کے حوالے سے نئی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ چھبیس نومبر کو راولپنڈی جلسے تک جانے کیلئے اسلام آباد سے گزرنے اور عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کو احکامات جاری کئے جائیں کہ وہ کارکنوں کو ہراساں نہ کرے۔

اس سے قبل تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دھرنے کی اجازت کیلئے دائر درخواست واپس لے لی تھی، عدالت نے اسی بنیاد پر متوقع دھرنے کیخلاف تاجروں کی درخواست بھی نمٹا دی۔

چیف جسٹس عامرفاروق نےدرخواستیں نمٹاتےہوئے ریمارکس دیئے کہ دھرنے سے متعلق سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے موجود ہیں، کنٹینرز لگانا مسئلے کا حل نہیں، انتظامیہ کوئی جدید طریقہ اپنائے، ریاست کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا، اگر راولپنڈی میں کچھ ہو پھر بھی اسلام آباد آنے والوں کو دشواری ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں